شعبہ دعوت وتبلیغ

عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کا یہ شعبہ قرآن وسنت کی تعلیمات کے ذریعے دین اسلام کی ابدی اقدار اور مسلک حق اہل سنت وجماعت کی تبلیغ و ترویج کے لئے عملی جدوجہد کررہاہے ۔ دعوت وتبلیغ کے پیغام کو عوام الناس تک پہنچانے کے لئے درج ذیل نظام وضع کیاگیا ہے ۔

دروس قرآن وحدیث

عوام الناس کو قرآن وحدیث کی آفاقی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے شہر اور گردو نواح میں مختلف اوقات میں در س قرآن وحدیث کا اہتمام کیاجاتاہے ۔

دروس تصوف

ہرجمعرات کو بعد نمازعشاء دربار عالیہ حضرت خواجہ رکن الدین رحمۃ اللہ علیہ پرشیخ طریقت حضرت علامہ ابوالبیان پیرمحمد سعیداحمدمجددی رحمۃاللہ علیہ مکتوبات امام ربانی علیہ الرحمہ کا درس ارشاد فرماتے رہے جو طالبان روحانیت اورسالکان جادۂ طریقت کے لئے گرانقدر سرمایہ ہے ۔ اس سے قبل آپ نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کی شہرہ آفاق تصنیف لطیف ’’ کشف المحجوب ‘‘ کا درس تقریبا آٹھ سال کے عرصہ میں مکمل فرمایا۔ ان تمام دروس کی آڈیو اوریڈیو کیسٹس مکتبہ تنظیم الاسلام ماڈل ٹائون سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ واضح رہے کہ بانی ادارہ کے روحانی پیشوا زبدۃ الفقراء قطب الاولیاء حضرت خواجہ صوفی محمد علی نقشبندی مجددی قد س سرہ کا مزار اقدس بھی یہیں ہے ۔

سلوک مجددیہ

تصوف وروحانیت کا ذوق رکھنے والے افراد کی اصلاح باطن ، تزکیہ نفس اور تصفیہ قلب کے لئے امیر اعلیٰ ادارہ باقاعدہ طورپر سلوک نقشبندیہ مجددیہ کی تعلیم دیتے اور مراقبات کی عملی مشق کراتے ہیں ۔

حزب المبلغین

شہر کے مختلف محلوں میں مبلغین اورنائب مبلغین مقرر کیے گئے ہیں جو اپنےمحلے کے لوگوں میں دینی شعوربیدار کرنے کے لئےہفتہ وار اورماہانہ درس قرآن وحدیث وفقہ اور مجالس ذکر وختمات خواجگان کا اہتمام کرتے ہیں ۔

تربیتی و روحانی مجالس

اراکین عالمی ادارہ تنظیم الاسلام میںتحریری وتقریری صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لئے ہفتہ وار و ماہانہ تربیتی مجالس کا انعقاد کیاجاتاہے نیز سیرت و کردار کی تعمیر وتطہیر کے لئے محافل ذکر وفکر کا اہتمام بھی کیاجاتاہے ۔

عشرہ اعتکاف

ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اصلاح نفس اور تطہیر باطن کے لئے عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے مرکزی سیکرٹریٹ مرکزی جامع مسجد نقشبندیہ 121-Bماڈل ٹائون میں اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیاجاتاہے ۔ دوران اعتکاف خصوصی تربیتی پروگرام منعقد ہوتے ہیں ۔

عشرہ امام ربانی

حضرت امام ربانی مجدد الف ثانی قدس سرہٗ کی انقلابی تعلیمات اور روحانی فرمودات سے عوام الناس کو روشناس کرانے کے لئے شہر گوجرانوالہ اورمضافات میں ماہ صفر میں دس پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں ۔ اس سلسلے کا آخر ی پروگرام ’’عرس مجدد اعظم‘‘ کے عنوان سے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوتاہے ۔

تصوف سیمینار

ہرسال ماہ صفر میں ایوان اقبال لاہور میں تصوف سیمینار کا اہتمام ہوتاہے جس میں تصوف کی دورحاضر میں اہمیت کے موضوع پر مختلف سکالرز کااظہارخیال کرتے ہیں۔

محفل درود شریف

12,11ربیع الاول کی درمیانی شب بعد نماز عشاء مرکزی سیکرٹریٹ میں محفل درود شریف منعقد کی جاتی ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں درود خضری پڑھنے کا پرکیف اہتمام ہوتاہے۔

جلوس عید میلادالنبی ﷺ

عشاق مصطفیٰ ﷺ کا یہ جلوس 12ربیع الاول کو مرکزی سیکرٹریٹ سے شروع ہوکر شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا چوک میلاد مصطفیٰ گھنٹہ گھر اختتام پذیرہوجاتاہے۔

محفل شب برأت

14شعبان المعظم شب برأت کوشب بیداری کا نہایت ایمان افروز پروگرام ترتیب دیا جاتاہے جس میں شہر اور بیرون شہر سے کثیر تعداد میں خلق خدا شامل ہوتی ہے ۔

جشن نزول قرآن برموقع شب قدر

رمضان المبارک کی 27ویں کو شب بیداری کا حسین و جمیل اور ایمان افروز پروگرام تشکیل دیا جاتاہے ۔ یہ پروگرام اپنی جامعیت اور روحانی ہمہ گیریت کے لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوتاہے ۔

سیدالشہداء کانفرنس

نواسہ رسول ﷺ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی یاد میں 10محرم الحرام صبح 10بجے تا نماز مغرب ’’سیدالشہداء کانفرنس ‘‘ منعقد ہوتی ہے ۔ یہ محفل عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے کارکنوں کا ذات مصطفی سے عشق وعقیدت اور خاندان اہل بیت سے روحانی تعلق کا رحمت آفرین نظارہ پیش کرتی ہے ۔

عرس حضرت شاہ نقشبند

سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کے امام حضرت خواجہ خواجگان سید محمدبہائوالدین نقشبند رحمۃ اللہ علیہ کی ایمانی اور روحانی عظمت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 3ربیع الاول کو مرکزی سیکرٹریٹ میں عظیم الشان تقریب منعقد ہوتی ہے ۔

عرس حضرت مجدد الف ثانی

دوقومی نظریہ کے بانی اور برصغیر کو بالخصوص احیاء اسلام کی دولت عطا کرنے والی تاریخ ساز شخصیت امام ربانی حضرت سیدنا مجدد الف ثانی قدس سرہٗ کے پیغام حق و صداقت کو سربلند رکھنے اور آپ کی تعلیمات قدسیہ سے دلوں کو منورکرنے کیلئے مرکزی جامع مسجد نقشبندیہ میں 28صفر کو شاندار تقریب منعقد ہوتی ہے ۔

یوم اظہار یکجہتی کشمیر

ٓزادی کشمیر کے لئے عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کاکردار روز روشن کی طرح واضح ہے۔ کشمیر کے مظلوم وغیور فرزندان توحید کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ہر سال 5فروری کو عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیاجاتاہے جو اپنے اختتام پربہت بڑے جلسے کی صورت اختیار کرلیتی ہے ۔

عرس حضرت خواجہ رکن الدین

26مارچ کو دربار عالیہ پرایمان آفرین محفل عرس منعقد ہوتی ہے اور اسی موقعہ پر دارالعلوم کے جلسہ دستار فضیلت کااہتمام کیاجاتاہے ۔

عرس حضرت خواجہ صوفی محمد علی علیہ الرحمہ

22نومبر کو حضرت خواجہ صوفی محمد علی علیہ الرحمہ کے عرس مبارک بعنوان تربیتی روحانی اجتماع کے حوالے سے خوبصورت تقریب منعقد ہوتی ہے اور اسی موقعہ پر شب بیداری کا پروگرام بھی ترتیب پاتاہے جس میں مختلف الانواع تبلیغی اور تربیتی امورکو بطورخاص پیش نظر رکھاجاتاہے ۔

یوم سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ

خلیفہ اول بلا فصل سید نا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا ذکر خیر کرنا سنتِ الٰہی اور سننا سنت نبوی ﷺ ہےاس لئے اسے حرزجان بنانا بندۂ مؤمن کا ایمان اور اہلسنت کی پہچان ہے۔مرکزی سیکرٹریٹ میں اس دن کے حوالے سے پروگرام منعقد ہوتاہے۔

محفل نعت برموقع معراج النبی ﷺ

حضور سرور دوعالمﷺ کے شمائل ومحاسن اور خصائل ومحامد کا ذکر عنداللہ محبوب اور عندالشرع مطلوب ہے ،اس لئے عشاق ہمہ وقت آپ کے تصور سے مخمور اور ذکر سے مسرور رہتے ہیں۔ آپ ﷺ کے عظیم الشان معجزہ معراج کے حسین موقعہ پر خوبصورت محفل کا اہتمام ہوتا ہے جس میں علماء کرام نثر اور نعت خواں حضرات نظم کی صورت میں ہدیہ ہائے ذوق وشوق پیش کرتے ہیں۔

عرس حضرت ابوالبیان رحمۃ اللہ علیہ

والیٔ گوجرانوالہ سراج العارفین حضرت علامہ ابوالبیان پیر محمد سعید احمد مجددی رحمۃ اللہ علیہ مذہبی وملی اور علمی وروحانی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شہر گوجرانوالہ کے چار اہم مقامات پر محافل کا اہتمام ہوتا ہے جبکہ پانچویں پروگرام میں شب برأت کے موقعہ پر آپ کے عرس پاک کی تقریبات نہایت ادب واحترام اور تزک واحتشام کے ساتھ منائی جاتی ہیں جس میں ہزاروں فرزندان توحید شرکت کرتے ہیں۔

ذکر شہدائے بدر

حق وباطل کے پہلے معرکہ میں شمولیت کرنے والے جاں نثاروں کی جرأت وشجاعت کو ہدیۂ تحیت پیش کرنے کے لئے سترہ رمضان المبارک کو ایمان افروز محفل کا انعقاد ہوتا ہے جس میں غزوۂ بدر کے شرکاء اور شہداء رضی اللہ عنہم کے اسمائے گرامی کی تلاوت ہوتی ہے اورا ن کے توسل سے ملت اسلامیہ کے عروج وارتقاء کی دعائیں ہوتی ہیں۔

ذکر خاتون جنت

ادارہ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہر سال ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ میں سیدۂ عالمین جگر گوشۂ مصطفیٰ حضرت سیدہ فاطمہ الزہراء رضی اللہ عنہ کے حضور میں سلام مودت اور ہدیۂ محبت پیش کیاجاتاہے ۔

ذکر مولا علی رضی اللہ عنہ

ادارہ کے زیراہتمام اقلیم ولایت کے سلطان مطلق سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے حضور ناز میں ارمغان نیاز پیش کرنے کے لئے نہایت عقیدت واحترام سے محافل کا انعقاد کیاجاتاہے۔

انٹرنیشنل محفل حسن قرأت

ادارہ کے زیر اہتمام ہر سال انٹرنیشنل محفل حسن قرأت کااہتمام کیاجاتاہے جس میں اندرون وبیرون ملک سے مایہ ناز قراء عظام تشریف لاتے ہیں۔

ابوالبیان سیمینار

عظیم علمی وفکری دانش گاہ دارالعلوم نقشبندیہ امینیہ کے طلباء بزم ابوالبیان کے تحت ایک سالانہ سیمینار منعقد کرتے ہیں۔جس میں حضرت ابوالبیان رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات دینیہ اور فرمودات روحانیہ سے حاضرین کو روشناس کروایا جاتا ہے۔

محفل میلاد النبی ﷺ

حضور نبی اکرم ،نور مجسم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں بزم ابوالبیان کی طرف سے دارالعلوم نقشبندیہ امینیہ میں ذوق افزا سالانہ محفل کا انعقاد ہوتا ہے جس میں طلباء ہدیۂ نعت کے علاوہ عربی،اردو اور انگلش میں سیرت نبوی کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر کرتے ہیں۔آخرمیں جانشین حضرت ابوالبیان مدظلہٗ اپنے دست مبارک سے کیک کاٹتے ہیں یوں طلباء کی ایمانی آبیاری کے ساتھ کا م ودہن کا بھی اہتمام ہوتا ہے۔

مشعل بردار موٹر سائیکل ریلی

محسن کائنات حضرت محمد مصطفی اکی آمد کے پرمسرت موقع پر ربیع الاول کے پہلے جمعۃ المبارک کو درگاہِ حضرت ابوالبیان سے سالانہ عظیم الشان مشعل بردار موٹرسائیکل ریلی کا اہتمام کیاجاتاہے جس میں ہزاروں عاشقانِ مصطفی شرکت فرما کر عشق رسالت کا عملی ثبوت دیتے ہیں۔ یہ پاکستان بھر میں اپنی نوعیت کی منفرد ریلی ہے ۔

متذکرہ بالا تمام پروگراموں میں وطن عزیز کے نامور مشائخ ، مشاہیر، علماء ، نعت خواں اورشعراء کرام شرکت کرتے ہیں ۔

نوٹ: ان سالانہ پروگراموں کے علاوہ بھی ادارہ کے زیراہتمام وقتاً فوقتاً اجتماعات منعقد ہوتے رہتے ہیں ۔